11

انقلاب اسلامی ایران انسانیت کے لئے آزادی اور حریت کا پیغام ہے، آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی

  • News cod : 10231
  • 10 فوریه 2021 - 22:53
انقلاب اسلامی ایران انسانیت کے لئے آزادی اور حریت کا پیغام ہے، آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی
انکا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) اس صدی کے عظیم مفکر اور اسلامی معاشرے کی برجستہ علمی و انقلابی شخصیت ہیں، جنہوں نے علم و شعور اور عمل و کردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے پیغمبرانہ فریضہ انجام دیا اور عوام کو اسلامی انقلاب کے ذریعے اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی، جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں بالعموم اور مملکت ایران پر بالخصوص نظر آتے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور پرنسپل جامعۃ المنتظر لاہور حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے برادر ہمسایہ اسلامی ملک ایران میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مکتب اہلبیت کے علمی مرکز قم کے مدرسہ فیضیہ سے اٹھنے والا انقلاب، قرآن، اسلام اور امت کی آواز ہے جو پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ امام خمینی (رہ) اس صدی کے عظیم مفکر اور اسلامی معاشرے کی برجستہ علمی و انقلابی شخصیت ہیں، جنہوں نے علم و شعور اور عمل و کردار کے ذریعے مسلمانوں کی صحیح خطوط پر رہنمائی کرکے پیغمبرانہ فریضہ انجام دیا اور عوام کو اسلامی انقلاب کے ذریعے اسلام کی صحیح اور آئیڈیل تصویر دکھائی، جس کے اثرات آج بھی عالم اسلام میں بالعموم اور مملکت ایران پر بالخصوص نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کی بھرپور حمایت کرتا آیا ہے، جہاں کی اکثریت آبادی اہلسنت کی ہے۔

سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ اور امت مسلمہ کو استعماری و سامراجی قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور آج یہ جدوجہد ایک اہم ترین موڑ میں داخل ہوچکی ہے چنانچہ عالمی استعمار خائف ہو کر مختلف خطوں میں اسلامی دنیا کے خلاف نت نئی سازشوں میں مشغول ہے مگر انقلاب کے خلاف یہ تمام سازشیں ناکام ہونگی کیونکہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کا ایک ہی راز ہے کہ یہ محض عارضی اور مفاداتی انقلاب نہیں بلکہ شعوری انقلاب ہے۔

پرنسپل جامعۃ المنتظر لاہور نے کہا کہ تاریخ انسانیت میں مختلف اقوام ، مختلف معاشروں، مختلف حالات اور مختلف انداز سے بعض شخصیات نے انقلاب برپا کئے ۔ بیسویں صدی میں بھی دنیا کے مختلف خطوں میں اپنی اپنی نوعیت کے انقلابات رونما ہوئے ۔ اسی صدی میں 11 فروری 1979 ء کے دن خطہ فارس (ایران) کی سرزمین پر بھی ایک انقلاب رونما ہوا جس نے عوام پر مسلط طویل بادشاہت اور اغیار کا قبضہ ختم کرا کے ملک کو آزادی جیسی نعمت سے سرفراز کیا۔ اپنے اعلی اور وسیع اہداف کی وجہ سے یہ انقلاب ایک خطے اور ملک کا انقلاب نہیں بلکہ پوری دنیا کے لئے رہنماء انقلاب نظر آتا ہے جس کا تعلق کسی ایک ملک کے باشندوں سے نہیں بلکہ دنیا میں رہنے والے تمام انسانوں کے حقوق سے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انقلاب اسلامی ایران سے دنیا بھر کے انسان متاثر ہوئے اور اس انقلاب کے عالم اسلام میں بالخصوص اور دیگر اقوام و مذاہب میں بالعموم مثبت اور حریت پر مبنی اثرات مرتب ہوئے۔ہم کہہ سکتے ہیں کہ انقلاب اسلامی ایران انسانیت کے لئے آزادی اور حریت کا پیغام ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=10231