7

اسرائیل کیخلاف مضبوط موقف اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایرانی سفیر

  • News cod : 10696
  • 16 فوریه 2021 - 0:07
اسرائیل کیخلاف مضبوط موقف اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایرانی سفیر
ایرانی سفیر نے اسرائیل کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کے باوجود ایرانی عوام اسلامی انقلاب کی بیالیسویں سالگرہ منا رہے ہیں، ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان میں بہت سی مشترکات ہیں اور سب سے بڑی قدر مشترک ہمارا دین ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ایرانی سفیر سید محمد علی الحسینی نے اسلام آباد میں میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر دوطرفہ موقف سے آگاہی حاصل کی گئی۔ ایرانی سفیر نے ایرانی عوام اور حکومت کی نیک خواہشات اور احساسات امیر جماعت کی خدمت میں پیش کیے، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، نائب امیر میاں محمد اسلم اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ افغانستان سے امریکہ نہ نکلا تو پاکستان اور ایران، دونوں کے لیے خطرات ہوں گے۔ افغانستان کا مسئلہ حل طلب ہے اور اس کے حل کے لیے پاکستان اور ایران کو متفقہ موقف اختیار کرنا چاہیے۔ ایران کے ساتھ ہمارے نظریاتی اور فکری تعلقات ہیں۔

حرمت رسول پر پاکستان، ایران اور ترکی نے ردعمل ظاہر کیا ہے، لیکن اس موضوع پر زیادہ شدت کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مشرق وسطی میں مسلمان ممالک کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے، تاکہ امریکہ کا اسلحہ زیادہ سے زیادہ فروخت ہو۔ مسلمان ممالک کو جنگ ترک کرکے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں، تاکہ جو وسائل جنگوں میں خرچ ہوتے ہیں، وہ تعلیم، صحت اور عوام کی بہبود پر خرچ ہوں۔ ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ایرانی سفیر نے اسرائیل کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کے باوجود ایرانی عوام اسلامی انقلاب کی بیالیسویں سالگرہ منا رہے ہیں، ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان میں بہت سی مشترکات ہیں اور سب سے بڑی قدر مشترک ہمارا دین ہے، جماعت اسلامی کی روشن فکر اور اعتدال امت مسلمہ کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ ہم ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے ملاقات کے لیے آنے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کو فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا چاہیئے۔ ہمارے درمیان توحید، رسالت، بیت اللہ اور القدس جیسی بڑی مشترکات ہیں، ہمیں مشترکہ اقدار کی بنیاد پر متحد ہونا چاہیئے۔ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=10696