16

مبطلات روزہ

  • News cod : 32401
  • 03 آوریل 2022 - 15:37
مبطلات روزہ
اگر روزہ دار کے منہ سے خون نکل آئے تو کیا اس کا روزہ باطل ہو جاتا ہے؟

 

س 758: میں نے شیطان کے بہکاوے میں آکر ماہ رمضان میں اپنے روزے کو باطل کرنے کا ارادہ کر لیا لیکن روزہ باطل کرنے والا کوئی کام انجام دینے سے پہلے ہی میرا یہ ارادہ بدل گیا اب میرے روزے کا کیا حکم ہے ؟ اور اگر یہی صورتحال ماہ رمضان کے علاوہ کسی اور روزے میں پیش آئے تو اس روزے کا کیا حکم ہے ؟

ج: اگر ماہ رمضان میں دن(1) کے اثناء میں روزے کی نیت سے پلٹ جائے اس طرح کہ روزہ پورا کرنے کا ارادہ نہ رکھتا ہو تو روزہ باطل ہے اور روزہ پورا کرنے کا دوبارہ قصد کرنا کوئی فائدہ نہیں رکھتا ، البتہ ضروری ہے کہ اذان ِ مغرب تک روزہ باطل کرنے والے کام انجام دینے  سے اجتناب  کرے لیکن اگر تردد کا شکار ہوجائے اس طرح کہ اس نے ابھی تک روزہ باطل کرنے کا فیصلہ نہ کیا ہو  کہ روزے کو جاری رکھے یا نہ رکھے؛ یا روزہ کو باطل کرنے والے کسی کام کو انجام دینے کا فیصلہ کیا ہو لیکن ابھی تک اسے انجام نہ دیا ہو تو ان دو صورتوں میں اس کے روزے کا صحیح ہونا محل اشکال ہے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ اس روزے کو مکمل کرے اور بعد میں اس کی قضاء بھی بجالائے۔ اور دیگر ہر واجب معین روزے ـ جیسے نذر معین کا روزہ و غیرہ ـکا بھی یہی حکم ہے۔

س759: اگر روزہ دار کے منہ سے خون نکل آئے تو کیا اس کا روزہ باطل ہو جاتا ہے؟

ج: اس کا روزہ باطل نہیں ہوگا، لیکن اس پر واجب ہے کہ خون کو حلق تک نہ پہنچنے دے۔

س760: ماہ رمضان میں روزہ کی حالت میں تمباکو نوشی۔ جیسے سگریٹ پینا۔ کاکیا حکم ہے ؟

ج: احتیاط واجب یہ ہے کہ روزہ دار تمباکو کے دھوئیں نیز ایسے نشہ آور مادے سے اجتناب کرے جسے ناک کے ذریعے پیا جاتا ہے یا زبان کے نیچے رکھ کر جذب کیا جاتا ہے ۔

 

س 761: “نسوار” جو تمباکو و غیرہ سے بنائی جاتی ہے اور جس کو کچھ دیر زبان کے نیچے رکھنے کے بعد تھوک دیا جاتا ہے، کیا اس کا استعمال روزے کو باطل کر دیتا ہے؟

ج: احتیاط واجب یہ ہے کہ روزہ دار ایسی منشیات اور دخانیات سے اجتناب کرے کہ جنہیں ناک کے ذریعے پیا جاتا ہے یا زبان کے نیچے رکھ کر جذب کیا جاتا ہے۔

 

س 762: جو افراد سانس کے شدید مریض ہیں ان کے لئے ایک طبی دوا (spray) موجود ہے جو شیشی میں سیال مادہ کی صورت میں ہوتی ہے کہ جسے منہ میں دبانے سے وہ سیال مادہ حلق کے ذریعہ سے مریض کے پھیپھڑوں تک منتقل ہو جاتا ہے جس سے سانس لینے میں آسانی ہو جاتی ہے۔ بعض اوقات تو مریض کو دن میں کئی کئی بار اس کی ضرورت محسوس ہوتی ہے اور بغیر اس کے یا تو وہ روزہ رکھ ہی نہیں سکتا یا روزہ رکھنا اس کے لئے بہت ہی مشکل ہے، کیا مریض کے لئے اس دوا (spray)کے استعمال کے ساتھ روزہ رکھنا جائز ہے؟

ج: مذکورہ آلے کو اگر صرف سانس لینے کا راستہ کھولنے کے لئے استفادہ کیا جاتا ہے تو یہ روزے کو باطل نہیں کرتا۔

 

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=32401