8

دفتر قائد ملت جعفریہ قم کیجانب سے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی برسی کا انعقاد+تصاویر

  • News cod : 7046
  • 03 ژانویه 2021 - 22:22
دفتر قائد ملت جعفریہ قم کیجانب سے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی برسی کا انعقاد+تصاویر
دفتر قائد ملت جعفریہ شعبہ قم المقدس کی جناب سے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی برسی اور سال 2020 میں ہم سے بچھڑنے والے علمائے کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مدافعین و مروجین ولایت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دفتر قائد ملت جعفریہ شعبہ قم المقدس کی جناب سے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کی برسی اور سال 2020 میں ہم سے بچھڑنے والے علمائے کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مدافعین و مروجین ولایت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مسٶل دفتر امور لیاقت علی سیال نے انجام دئیے، برادر منتظر علی نے ترانہ شہادت پیش کیا۔

رپورٹ کے مطابق کانفرنس میں حوزہ علمیہ قم کے علمائے کرام اور طلاب سمیت مختلف تنظیموں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران سال 2020 میں رحلت فرمانے والے علمائے کرام کی بلندی درجات کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

کانفرنس کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین حاج شیخ حسین احمدی نے اپنے خطاب میں شہید قاسم سلیمانی کی زندگی کے مختلف پہلووں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شہید کی کامیابی کو ان کے خلوص کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جہاں وحدت بین المسلمین کے ذریعے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا وہی وحدت بین المومنین کے ذریعے ملت تشیع کو انتشار سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حاج شیخ حسین احمدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو بھی افتراق و انتشار کی بات کرے وہ دشمن کا آلہ کار ہے وہ کبھی ملک و ملت کیساتھ مخلص نہیں ہوسکتا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ قم المقدس حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید ظفر علی نقوی نے کہا کہ صرف ولایت کا نعرہ لگانا کافی نہیں بلکہ عملی طور پر ولی فقیہ کی اطاعت ضروری ہے۔ ہم ولایت کے نعرے تو لگاتے ہیں لیکن ہمارے اعمال راہ ولایت کے برعکس ہوتے ہیں۔ انہوں نے آخر میں کانفرنس میں شریک تمام شرکاء کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ کرونا کی مشکلات کی وجہ سے کانفرنس میں محدود سطح پر جید علماء کرام اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران کو مدعو کیا گیا تھا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=7046