18

مبطلات روزہ

  • News cod : 32429
  • 04 آوریل 2022 - 8:18
مبطلات روزہ
کیا روزہ کی حالت میں بلڈ پریشر کی گولی (tablet)کھانا جائز ہے یا نہیں؟

رہبر معظم انقلاب اسلامی

س 763: اکثر اوقات میرے لعاب دہن میں خون مل جاتا ہے جو میرے مسوڑھوں سے نکلتا ہے، اور بعض اوقات جو لعاب میں حلق سے نیچے اتار تا ہوں اس کے بارے میں مجھے معلوم نہیں ہوتا کہ اس میں خون بھی ملا ہے یا نہیں۔ اس حالت میں میرے روزے کا کیا حکم ہے ؟ امید ہے میری راہنمائی فرمائیں گے ۔

ج: مسوڑھوں کا خون اگر لعاب دہن سے مل کر اس میں مستہلک اور ختم ہو جائے تووہ پاک ہے اور اس کے نگلنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے اور اس سے روزہ باطل نہیں ہوتا اور اگر شک ہو کہ لعاب دہن خون آلود ہے یا نہیں تو اسے نگلا جا سکتا ہے اور اس سے روزے کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

س 764: میں نے ماہ رمضان کے ایام میں ایک دن روزے کے دوران اپنے دانتوں کو برش نہیں کیا، اور دانتوں میں پھنسے ہوئے غذا کے ذرات میں نے نگلے نہیں لیکن وہ خود بخود اندر چلے گئے تو کیا مجھے اس روزہ کی قضا کرنا پڑے گی؟

ج: اگر آپ کو یہ علم نہیں تھا کہ غذا کے ذرات دانتوں میں پھنسے ہوئے ہیں یا یہ یقین نہیں تھا کہ یہ ذرات اندر چلے جائیں گے اور ان کا اندر جانا آپ کی توجہ کے بغیر اور جان بوجھ کر نہ تھا تو آپ پر روزہ کی قضا واجب نہیں ہے۔

س 765: اگر روزہ دار کے مسوڑھوں سے زیادہ خون نکلتا ہو تو کیا اس کا روزہ باطل ہے اور کیا وہ کسی برتن سے اپنے سر پر پانی ڈال سکتا ہے؟

ج: جب تک وہ خون کو نہ نگلے اس کا روزہ باطل نہیں ہو گا، اسی طرح برتن وغیرہ سے سر پر پانی ڈالنے سے بھی اس کے روزہ پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

س 766: بعض نسوانی امراض کے علاج کے لئے “اینما” جیسی خاص دوائیں ہیں جنہیں بدن کے اندر رکھا جاتاہے کیا ان کے استعمال سے روزہ باطل ہوجاتا ہے ؟

ج: ان دواؤں کے استعمال سے روزہ باطل نہیں ہوتا۔

س 767: ماہ رمضان میں روزہ دار کیلئے انجکشن اور ڈرپ و غیرہ لگوانے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟

ج: احتیاط واجب یہ ہے کہ روزہ دار طاقت اور غذائیت والے اور رگ میں لگنے والے ہر انجکشن اور ہر قسم کی ڈرپ سے اجتناب کرے لیکن غیر طاقتی اور دوا والے انجکشن جو گوشت (پٹھوں) میں لگتے ہیں مثلاً اینٹی بایوٹک یا پین کلر انجکشن یا بے حس کرنے والے انجکشن لگوانے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔

س 768: کیا روزہ کی حالت میں بلڈ پریشر کی گولی (tablet)کھانا جائز ہے یا نہیں؟

ج: اگر اس کا استعمال ماہ رمضان میں بلڈ پریشر کے علاج کے لئے ضروری ہو تو کھائی جا سکتی ہے، لیکن اس کو کھانے سے روزہ باطل ہوجائے گا۔

س769: میرا اور بعض دیگر لوگوں کااگر یہ خیال ہو کہ علاج کے لئے گولی کے استعمال کو “کھانا پینا” نہیں کہا جاتا، کیا اس خیال پر عمل کرنا جائز ہے اور میرے روزے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا؟

ج: گولی کھانے سے روزہ باطل ہو جاتا ہے۔

س 770: اگر ماہ رمضان میں شوہر اپنی بیوی کے ساتھ مباشرت کرے اور بیوی بھی راضی ہو تو حکم کیا ہے؟

ج: دونوں پر عمداً روزہ توڑنے کا حکم عائد ہوگا ، لہذادونوں پر قضا کے ساتھ کفارہ بھی واجب ہے۔

س 771: اگر روزہ کی حالت میں شوہر اپنی زوجہ سے خوش فعلی کرے تو کیا اس سے روزہ پر کوئی اثر پڑے گا؟

ج: اگر اس سے منی نہ نکلے تو روزے کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا ۔

 

 

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=32429